تیرھویں دلیل ۔ الایات بعد الماتین ۔ مشکوٰۃ کتاب الفتن باب اشراط الساعۃ

mindroastermir

Administrator
رکن انتظامیہ
تیرھویں دلیل ۔ الایات بعد الماتین ۔ مشکوٰۃ کتاب الفتن باب اشراط الساعۃ

اَلْاٰیَاتُ بَعْدَ الْمِأَتَیْنِ

آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اَلْاٰیَاتُ بَعْدَ الْمِأَتَیْنِ۔‘‘ (مشکوٰۃ کتاب الفتن باب اشراط الساعۃ) کہ مسیح و مہدی کے ظہو ر کی نشانیاں بارھویں صدی کے گزرنے پر ظاہر ہوں گی۔ چنانچہ ہم نے جو معنے کئے ہیں۔ حضرت ملا علی قاری نے بھی ان کی تائید کی ہے۔ وَیَحْتَمِلُ اَنْ یَّکُوْنَ اللَّامُ فِی الْمِأَتَیْنِ لِلْعَھْدِ اَیْ بَعْدَ الْمِأَتَیْنِ بَعْدَ الْاَلْفِ وَھُوَ الْوَقْتُ لِظُھُوْرِ الْمَھْدِیِّ۔‘‘ (مشکوٰۃ کتاب الفتن باب اشراط الساعۃ۔نیز دیکھو حاشیہ ابن ماجہ جلد ۲ صفحہ ۲۶۱ مصری حاشیہ علامہ سندھی) کہ ممکن ہے اَلْمِأَتَیْنِ کا الف لام اس عہد کے لئے ہو جو ایک ہزار کے دو سو سال بعد کا ہے (یعنی ۱۲۰۰) اور وہی وقت ظہور مہدی کا ہے۔

چنانچہ نواب صدیق حسن خان صاحب نے بھی اپنی کتاب حجج الکرامہ صفحہ ۴۱ وصفحہ ۳۹۴ و صفحہ ۳۹۵ مطبع شاہجہانی بھوپال پر بہت سی روایات نقل کر کے یہی نتیجہ نکالا ہے۔ کہ مہدی تیرھویں صدی میں نازل ہونا چاہیے۔

نواب نور الحسن خاں لکھتے ہیں۔ ’’اس حساب سے ظہور مہدی کا شروع تیرھویں صدی پر ہونا چاہیے تھا مگر یہ صدی پوری گزر گئی مہدی نہ آئے۔ اب چودھویں صدی ہمارے سر پر آئی ہے۔ اس صدی سے اس کتاب کے لکھنے تک چھ مہینے گزر چکے ہیں۔ شاید اﷲ تعالیٰ اپنا فضل و عدل رحم و کرم فرمائے۔ چار چھ برس کے اندر مہدی ظاہر ہو جاویں۔‘‘

(اقتراب الساعہ از نواب نور الحسن خان صاحب صفحہ ۲۲۱ مطبع مفید عام الکائنۃ فی الرواۃ)

’’بَعْدَ الْمِأَتَیْنِ‘‘کے رو سے بارھویں صدی کے ختم ہونے پر تیرھویں صدی میں امام مہدی کا پیدا ہونا ضروری تھا۔ ایسے وقت میں کہ وہ چودھویں صدی کے سر پر چالیس سال کا ہو کر دعویٰ کر سکے۔ یہ تو ممکن نہیں کہ مہدی بارہویں صدی میں پیدا ہو۔ کیونکہ بَعْدَ الْمِأَتَیْنِمیں لفظ بعد بتاتا ہے کہ وہ بارہویں صدی کے ختم ہونے سے پہلے پیدا نہیں ہو سکتا۔ پھر اس و جہ سے کہ امام مہدی نے اپنی صدی کا مجدد ہونا تھا اسلئے اسے تیرھویں صدی میں ایسے وقت میں پیدا ہونا تھا کہ اگلی صدی کے سر پر اس کی عمر چالیس سال کی ہو۔ پس یہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہی ہیں جو ۱۴؍ شوال ۱۲۵۰ھ مطابق ۱۳؍ فروری ۱۸۳۵ء بروز جمعہ پیدا ہوئے اور ۱۲۹۰ھ کو چودھویں صدی کے سر پر آپ عین چالیس برس کی عمر میں شرفِ مکالمہ و مخاطبہ سے مشرف ہو کر دعویٰ مہدویت کے ساتھ ظاہر ہوئے اور عین چودھویں صدی کے سر پر آپ نے دعویٰ کیا۔ گویا حدیث اور روایات کے عین مطابق آپؑ دنیا میں تشریف لائے۔ سچ ہے ؂

وقت تھا وقت مسیحا نہ کسی اور کا وقت

میں نہ آتا تو کوئی اَور ہی آیا ہوتا!

(مسیح موعود ؑ)
 
Top Bottom