اعتراض 34۔ مسیح و مہدی مرزا غلام احمد علیہ السلام کے ماننے والوں کا نام احمدی کیوں رکھا گیا ؟

mindroastermir

Administrator
رکن انتظامیہ
اعتراض 34۔ مسیح و مہدی مرزا غلام احمد علیہ السلام کے ماننے والوں کا نام احمدی کیوں رکھا گیا ؟

احراری معترض نے یہ مغالطہ بھی دیا ہے کہ خود حضرت مرزا صاحب نے اپنی جماعت کا نام ’’مسلمان‘‘ نہیں رکھا بلکہ ’’احمدی‘‘ رکھا۔اور مرد م شماری کے کاغذوں میں بھی جماعت کو ’’احمدی‘‘ کا نام لکھانے کی ہدایت کی۔ حالانکہ یہ محض تلبیس اور جھوٹ ہے کیونکہ حضرت مرزا صاحب نے ہر گز اپنی جماعت کا نام محض ’’جماعت احمدیہ‘‘ یا اپنے ماننے والوں کا نام محض ’’احمدی‘‘ نہیں رکھا۔اور نہ اپنی جماعت کو محض ’’احمدی‘‘ نام مرد م شماری کے کاغذوں میں لکھانے کی ہدایت فرمائی جس اشتہار میں حضرت مرزا صاحب نے اپنی جماعت کا نام تحریر فرمایا ہے وہ ۴ نومبر ۱۹۰۰ء کو شائع ہوا اور تبلیغ رسالت جلد نمبر ۹ صفحہ نمبر ۸۱تا ۹۱پر موجود ہے اس میں حضور تحریر فرماتے ہیں :۔

’’یاد رہے کہ مسلمانوں کے فرقوں میں سے یہ فرقہ جس کا خدا نے مجھے امام اور پیشوا اور رہبر مقرر فرمایا ہے ایک بڑا امتیاز ی نشان اپنے ساتھ رکھتاہے۔‘‘ (مجموعہ اشتہارات جلد نمبر ۲ صفحہ ۳۵۷)

’’اور وہ نام جو اس سلسلہ کے لیے موزوں ہے جس کو ہم اپنے لئے اور اپنی جماعت کے لیے پسند کرتے ہیں وہ نام مسلمان فرقہ احمدیہ ہے۔ اور جائز ہے کہ اس کو احمدی مذہب کے مسلمان کے نام سے بھی پکاریں۔یہی نام ہے جس کے لئے ہم ادب سے اپنی معزز گورنمنٹ میں درخواست کرتے ہیں کہ اسی نام سے اپنے کاغذات اور مخاطبات میں اس فرقہ کو موسوم کرے یعنی ’’مسلمان فرقہ احمدیہ۔‘‘

(مجموعہ اشتہارات جلد ۲صفحہ ۳۶۴،۳۶۵)

’’اس فرقہ کا نام ’’مسلمان فرقہ احمدیہ‘‘ اس لیے رکھا گیا کہ ہمارے نبی صلی اﷲ علیہ وسلم کے دو نام تھے ایک محمد صلی اﷲ علیہ وسلم دوسرا احمد صلی اﷲ علیہ وسلم۔‘‘

(دیکھو اشتہار۴ نومبر ۱۹۰۰ء و تبلیغ رسالت جلد ۹ صفحہ ۹۰،۹۱)

پس جو شخص یہ کہتا ہے کہ حضرت مرزا صاحب نے خود اپنی جماعت کے لیے لفظ ’’مسلمان‘‘ کو ترک کر دیا ہے وہ جان بوجھ کر لوگوں کو دھوکہ دینا چاہتا ہے۔ جماعت احمدیہ مسلمان فرقوں میں سے ایک فرقہ ہے جس طرح دوسرے تمام فرقوں کے علیحدہ علیحدہ امتیاز ی نام ہیں مثلاً ’’اہلسنت والجماعت‘‘ ’’حنفی‘‘ یا ’’اہلحدیث‘‘ یا شیعہ وغیرہ اسی طرح اس فرقہ کا بھی ’’احمدی‘‘ نام ہے۔ لیکن جس طرح باقی سب فرقے ’’اسلام‘‘ کے فرقے ہی ہیں بلکہ اصل اور حقیقی اسلام کے حامل ہونے کے مدعی ہیں اسی طرح اس فرقہ کا بھی دعویٰ ہے کہ اصل اور حقیقی اسلام اسی فرقہ میں ہے۔
 
Top Bottom